چاہتی ہوں باقی صوبوں میں بھی خاتون وزیراعلیٰ آئے : مریم نواز

Published On 08 March,2024 11:48 am

لاہور: (دنیانیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ خواتین کا دن صرف ایک نہیں ہوتا، ہر دن خواتین کا دن ہوتا ہے، چاہتی ہوں باقی صوبوں میں بھی خاتون وزیراعلیٰ آئے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں عالمی یوم خواتین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ یہاں آکر بہت خوش ہوں، یہاں خواتین اور حضرات موجود ہیں، کوئی روایتی تقریر نہیں کرنے آئی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہے، جو خاتون پورے گھر کی خدمت کرتی ہے وہ ہماری ہیرو ہے، جن کے ساتھ میں آئی وہ تینوں ہی پائلٹ آفیسرز تھیں، چاہتی ہوں لوگ بھی خواتین آفیسرز کو دیکھیں۔

ان کاکہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کو شاباش دیتی ہوں، تھانوں میں ویمن ڈیسک بنائے گئے ، میں نے کہا ہے کہ مجھے پولیس کی وردی سلوا کردیں وہ پہن کردورہ کرنا چاہتی ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہرکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  مجھے بھی اپنی جگہ بنانے کیلئے 13سال سخت محنت کرنی پڑی، یہاں موجود تمام خواتین آفیسرز لوگوں کے سامنے مثال ہیں، ہم نے ایک سیفٹی ایپ بنائی ہے نیور اگین، میں ڈیتھ سیل میں رہ کر آئی ہوں، میری ٹریننگ ہوگئی ہے، جس کیلئے مخالفین کی شکر گزار ہوں ۔

مریم نوازکاکہنا تھا کہ ہر خاتون کی جدوجہد لوگوں کو نظر نہیں آتی، خواتین کو ہراساں کرنا میری ریڈ لائن ہے، میری خواہش ہے اگر کوئی بچی کام کرنا یا پڑھنا چاہتی ہے تو وہ کرے۔

 مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے، میں خواتین کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنا چاہتی ہوں، خواتین کو پنک بائیکس دینا چاہتی ہوں،اسی طرح  ہم انٹرنیشنل سکالر شپس کا اعلان کرنے جارہے ہیں، ہم ہر شہر کی یونیورسٹی میں خواتین کا علیحدہ بلاک بنائیں گے۔

Advertisement