اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے ماہ رمضان کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے 2500 سے زائد افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، تمام ڈی پی اوز، ایس ڈی پی اوز اور تھانہ انچارج کو سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی، گاڑیوں کی پارکنگ مساجد سے دور رکھنے اور گشت کو بھی مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق مساجد انتظامیہ کی طرف سے مختص کئے گئے نجی سکیورٹی گارڈز بھی فرائض سرانجام دیں گے، ہر تھانہ کی حدود میں ناکہ بندی پوائنٹ بنائے جائیں گے، نماز کے اوقات میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود ڈیوٹیاں چیک کریں گے، ناکوں پر مامور پولیس ملازمین کو افطار اور سحری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان پولیس کے مطابق عبادت گاہوں، مارکیٹوں، شاپنگ سینٹرز کی حفاظت کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے گا۔