پاکستان کے 14ویں صدر مملکت کا انتخاب کل ہوگا

Published On 08 March,2024 09:24 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان کے 14ویں صدر مملکت کا انتخاب کل 9مارچ بروزہفتہ ہوگا۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی صدارت کے امیدوار ہیں، صدارتی انتخاب میں چاروں صوبائی اسمبلیوں،سینیٹ اورقومی اسمبلی کے ارکان ووٹ دیں گے۔

آئین کے تحت صدارتی الیکشن کے لیے چیف الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر ہوں گے ، جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں صبح دس سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی ، بیلٹ پیپر پرووٹر پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے خصوصی پنسل سے کراس لگائے گا۔

صدر کاانتخاب الیکٹورل کالج کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے، ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے شناختی کارڈ ساتھ لانے کے پابند ہوں گے، ووٹر نے بیلٹ پیپر پر کوئی ایسا نشان لگایا جس سے اس کی شناخت ممکن ہوتو ووٹ غلط تصور ہوگا، دوامیدواروں پر نشان لگانے پر یاسرے سے نشان نہ لگانے پر بھی ووٹ غلط تصور کیا جائے گا۔

پریذائیڈنگ افسر امیدوار یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں بیلٹ بکس کھولے گا ، پریذائیڈنگ افسر بیلیٹ پیپرز کا معائنہ کرکے غلط ووٹ مسترد کردے گا، پریذائیڈنگ افسرووٹ گنتی کرکے امیدواروں کے حاصل شدہ ووٹ علیحدہ بیگز میں سیل کردے گا ۔

پریذائیڈنگ افسرفارم 5پر نتائج درج کرکے ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر کو بھیج دے گا، اگر دونوں امیدوار برابر ووٹ حاصل کرتے ہیں تو فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔