اسلام آباد: (دنیانیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب کے امیدوار پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل ایک پولنگ ایجنٹ نامزد کر سکتے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ پولنگ ایجنٹ پولنگ کے عمل اور گنتی کے عمل کا مشاہدہ کرےگا، اس ضمن میں امیدوار متعلقہ پریذائیڈنگ افسر کو تحریری طور پر مطلع کرےگا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ ایجنٹ کا متعلقہ ایوان یا اسمبلی کا ممبر ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلٰی کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد اب 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور الیکشن کمیشن نے صدارت کے عہدے کے لیے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کیا تھا اور کہا تھا کہ آئین کے تحت انتخابات کے 30 دن کے اندر صدارتی انتخاب کروانا ضروری ہے۔