لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے حتمی نتائج کے بعد ایوان میں پارٹی پوزیشن واضح ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ایوان میں مسلم لیگ ن کو 217 نشستیں حاصل ہیں۔
مسلم لیگ ن کو عام انتخابات میں 139 جنرل نشستیں ملیں، مسلم لیگ ن میں 21 آزاد ارکان اسمبلی نے شمولیت اختیار کی جبکہ ن لیگ کو خواتین کی 57 اور اقلیتوں کی 7 مخصوص نشستیں ملیں۔
پیپلز پارٹی کی پنجاب اسمبلی میں 16 نشستیں ہیں، پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی میں 10 جنرل نشستیں جیتیں جبکہ ایک آزاد رکن پارٹی میں شامل ہوا، پی پی کو اقلیتوں کی ایک جبکہ خواتین کی 4 مخصوص نشستیں ملیں۔
مسلم لیگ ق کی پنجاب اسمبلی میں 11 نشستیں ہیں، مسلم لیگ ق نے عام انتخابات میں 8 نشستیں جیتیں جبکہ انہیں خواتین کی 3 مخصوص نشستیں الاٹ ہوئیں۔
آئی پی پی کے 5 اراکین ایوان میں موجود ہیں، آئی پی پی کو عام انتخابات میں ایک نشست ملی جبکہ 3 آزاد اراکین اسمبلی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے اور خواتین کی 2 مخصوص نشستیں الاٹ کی گئیں۔
سنی اتحاد کونسل میں 106 آزاد ارکان نے شمولیت اختیار کی جبکہ 4 نشستوں پر حکم امتناعی ہے اور ایک نشست پر الیکشن نہیں ہوا، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ضیاء، تحریک لبیک اور مجلس وحدت المسلمین کو ایک ایک نشست حاصل ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی پنجاب اسمبلی کی 7 نشستیں رہنماؤں کے قومی اسمبلی میں جانے سے خالی ہوئیں، استحکام پاکستان پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کی بھی ایک ایک نشست ارکان کے قومی اسمبلی جانے سے خالی ہوئی ہے جہاں دوبارہ الیکشن ہو گا۔