پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کے فیصلے کی مخالفت کر دی۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے مرکزی رہنما نے ایک بیان میں کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے محروم کر کے زیادتی کی گئی، مخصوص نشستیں ان کا جمہوری حق تھا جو ان کو ملنا چاہیے تھا، نشستوں کی بندر بانٹ کو چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔
ضیاءاللہ بنگش نے مزید کہا ہے کہ مخصوص نشستوں سے محرومی میں پی ٹی آئی کے اندر موجود اختلافات کا بڑا کردار رہا ہے، مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے اپنی پارٹی کا پلیٹ فارم پاکستان تحریک انصاف کیلئے رضاکارانہ طور پر پیش کیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے مابین مذاکرات کے کافی ادوار بھی ہوئے، تحریک انصاف میں تین چار گروپوں کی وجہ سے مذاکراتی عمل کامیاب نہ ہو سکا جس کا نقصان پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کی صورت میں اٹھانا پڑا، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کی لیڈر شپ معاملے کو متعلقہ فورم پر اٹھائے گی۔