ملتان: تین منزلہ عمارت گرنے سے 9 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی

Published On 12 March,2024 06:39 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں تین منزلہ عمارت گرنے سے 9 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

افسوسناک واقعہ ملتان کے علاقے حرم گیٹ کے محلہ جوادیاں میں پیش آیا جہاں گھر میں موجود افراد پر اچانک تین منزلہ گھر کی چھت آ گری، عمارت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر لاشوں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 3 منزلہ عمارت دیگر مکانوں پر آگری تھی، ملبے تلے 19 افراد دب گئے، 3 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد 9 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 زخمیوں کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بھی موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا، چھت کا کچھ ملبہ ساتھ والے مکانوں پر بھی گرا جس کی وجہ سے مزید نقصان کا خدشہ ہے، ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

پولیس نے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم  نواز نے عمارت گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا اور کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔