اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے نوفلائی لسٹ سے نام نکالنے کیلئے فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل نہیں، جس پر عدالت نے حبا فواد کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزار کے بیرون ملک جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں، درخواست گزار وطن واپسی پر بیان حلفی دے کہ اسے بیرون ملک جانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔
بعدازاں عدالت نے حباء فواد کا نام نوفلائی لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔