تاحیات نااہلی کی مدت پانچ سال کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی

Published On 14 March,2024 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے تاحیات نااہلی کی مدت کو پانچ سال کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ میں پارلیمنٹ میں تاحیات نااہلی کی مدت کو پانچ سال کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری شبیر اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ پارلیمنٹ نے تاحیات نااہلی کے قانون کو 5 سال کرنے کی ترمیم کی، رولز کے مطابق تاحیات نااہلی کے قانون میں پارلیمنٹ مخصوص ممبران کے ذریعے ترمیم نہیں کر سکتی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواستوں کی مخالفت کی تھی، عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا تھا۔