راولپنڈی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون چل رہا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ نے آرڈر دیا بانی پی ٹی آئی سے مخصوص اوقات میں جیل میں ملاقات کرائی جائے، جیل کا ہیڈ کانسٹیبل کہتا ہے ملاقات نہیں ہوسکتی، اس سے زیادہ نظام کی تباہی کیا ہوسکتی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جیل کے کانسٹیبل نے عدالتی احکامات کو پھینک دیا، جیل میں ملاقاتوں پر پابندی مشکوک معاملہ ہے، کہیں یہ نہ ہو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے پوری قوم اڈیالہ جیل کے باہر اکٹھی ہو جائے، ملک میں انصاف اورآئین نام کی کوئی چیز نہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ فارم47 کی پیداوار حکومت پانچ ماہ بھی مشکل سے گزارے گی، انہوں نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا ہے، تحریک انصاف کی سندھ میں سیٹیں چوری کرکے بھتہ خور ایم کیو ایم کو دی گئیں، ملاقاتوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔