اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمارے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ملاقات کے موقع پر دونوں جانب سے مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا، شہباز شریف نے بھی خوشگوار موڈ میں علی امین گنڈا پورا کا استقبال کیا، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر احسن اقبال بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا، علی امین گنڈا پور نے شہاب علی شاہ کو چیف سیکرٹری تعینات کرنے کی سفارش کی۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر فیصلہ محفوظ
علی امین گنڈاپور نے دوسرے صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی فنڈز دینے کا مطالبہ کر دیا، علی امین گنڈا پور نے صوبے کے 1500 ارب روپے کے واجبات کو کلیئر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی، انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کو مثبت قرار دے دیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا جو بھی ٹیم لائیں اعتراض نہیں، وزیراعظم نے فل سپورٹ کرنے کا کہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ پاکستان ہمارا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے معاملات بھی اٹھائے، سینیٹ الیکشن کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ، دروازے بند نہیں کیے: بیرسٹر گوہر
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے بھی جلد میٹنگ بلائی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کو پیسے نہ دیئے جائیں، انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم پشاور آئے تو اس دن پشاور میں نہیں تھا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی، بانی پی ٹی آئی سے بات چیت ہو گی تو سیاسی معاملات بھی بہتر ہوں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم سے انتخابی دھاندلی پر بھی بات ہوئی، وزیراعظم نے کہا دھاندلی کی شکایات کے لیے ٹربیونل موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کا ہمیں بھی اندازہ ہے، معاشی حالات دیکھ کر ہی وفاق سے خیبرپختونخوا کے لیے مطالبات کریں گے۔
احسن اقبال
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات کا خیرمقدم کرتا ہوں، اُمید رکھتا ہوں جس سفر کا ہم نے آغاز کیا تمام اکائیوں سے مل کر چلیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد وزارت خزانہ واجبات کا معاملہ حل کرے گی۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی اٹھایا، علی امین گنڈا پور نے قیدیوں کا معاملہ بھی اٹھایا، آج کی میٹنگ کا خلاصہ، سیاست اپنی اپنی لیکن ریاست سانجھی، ہم سب نے ایک ہو کر مسائل کو حل کرنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں امن و ترقی کے لیے ہرممکن کردار ادا کرے گی۔
امیر مقام
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے آج خوشی کا دن ہے، خیبرپختونخوا کے مسائل کو حل کریں گے۔
امیر مقام نے کہا کہ یہی راستہ ہے سب مل کرچلیں جس سے مسائل حل ہوں گے۔
علی امین گنڈا پور نے میڈیا ٹاک کے بعد احسن اقبال کو گلے لگایا اور امیر مقام سے ہاتھ ملایا۔