اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آئی ٹی پارک کے قیام پر عمل درآمد شروع ہو گیا، آئی ٹی پارک اسلام آباد کے جی ٹین سیکٹر میں بنایا جائے گا۔
سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد کے سیکٹر G-10 میں 3.3 ایکڑ رقبے پر آئی ٹی پارک بنانے کی منظوری دے دی، آئی ٹی پارک کے حوالے سے پلاٹ بھی مختص کر دیا گیا۔
اسلام آباد آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائیگا، پارک کا کورڈ ایریا 1 لاکھ سکوائر فٹ پر محیط ہوگا، پارک میں 5 سے 6 ہزار فری لانسرز کام کر سکیں گے۔
آئی ٹی پارک میں فری لانسرز، سٹارٹ اپس کیلئے ورکنگ سپیس، سافٹ ویئر ہاؤسز، لائبریری، آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کیلئے جگہ سمیت ریسرچ سینٹرز، کانفرنس ہالز، میٹنگ رومز کے لئے جگہ بھی مختص کی جائیگی۔
اسلام آباد آئی ٹی پارک بنانے کے تمام اخراجات نجی کمپنیاں برداشت کریں گی، 15 سال بعد یہ پارک مکمل طور پر سی ڈی اے کے حوالے بھی ہو جائے گا، پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرائے پر لے کر آئی ٹی دفاتر بنا سکیں گی۔