اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آئی ٹی شعبے کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں آئی سیکٹر کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران افسروں کو ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و ہنر اور سٹارٹ اپس کو درکار سہولیات فراہم کریں گے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں آئی ٹی کی صنعت کیلئے جن منصوبوں کا آغاز کیا ان کے مثبت نتائج آرہے ہیں، سٹارٹ اپس، فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کے بنکاری سے متعلق تمام مسائل کو حل کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ رواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جو خوش آئند ہے مگر ہمیں اس میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے بھی ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے، پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے خوب محنت کرنا ہوگی۔