اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں چین کے سفیر نے ملاقات کی، وزیراعظم نے مبارکباد پر چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاک چین مضبوط تعلقات کے فروغ میں چینی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے انتھک محنت کرے گی، پاکستان سی پیک کو اگلے مرحلے میں لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو منصوبے سے غربت کا خاتمہ، سرمایہ کاری بڑھے گی: وزیراعظم
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد آپریشنل کرنے کیلئے پرعزم ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کا قیام ہماری گزشتہ حکومت میں عمل میں لایا گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان میں کئی منافع بخش مواقع ملیں گے، چینی سفیر نے پاک چین تعلقات میں بہتری کیلئے چینی قیادت کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی ملاقات
چینی سفیر نے وزیراعظم شہبازشریف کو چین کے دورے کی دعوت دی، وزیراعظم نے دورے کی دعوت قبول کرلی۔