آج اسمبلی میں بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے:رانا آفتاب

Published On 15 March,2024 11:12 am

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما رانا آفتاب احمد خان نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے 9 ماہ کے اللوں تللوں کا بجٹ پاس نہیں کرنے دیں گے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرہنما سنی اتحاد کونسل رانا آفتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت آج بجٹ نہیں آرڈیننس لا رہی ہے، حکومت نے ہسپتالوں میں ٹائلیں تو لگوا دیں لیکن دوائی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کسی کام کا نہیں رہا، غریب آدمی جو موٹر سائیکل پر چلتا ہے اسکے بلا وجہ چالان ہو رہے ہیں، حکومت نے راشن کے نام پر قوم کو بھکاری بنا دیا ہے، اسلام میں بھی ہے جب کسی کی مدد کی جائے تو خاموشی سے کی جائے، حکومت کو ابھی تک یہی نہیں پتا کہ کتنی آبادی کو راشن دینا ہے۔

رانا آفتاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ پنجاب میں حکومت نوازشریف کی ہے، مریم نواز کو کہنا چاہیے تھا پنجاب میں حکومت فارم 47 کی ہے، ہم اسمبلی میں بیٹھے ہیں، یہ تو ہمیں بھی نہیں برداشت کررہے۔

رہنما سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ کل ہمارے فاضل رکن عمیر وثیق کو 3800ووٹ سے ہرا دیا ہے، کبھی آپ نے سنا 12،12ہزار ووٹ ڈبل اسٹیمپ ہوئے ہوں؟ یہ جو ہورہا ہے جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔