اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نےملک گیر شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں میاں شہباز شریف نے پودا لگا کر موسم بہار کی ملک گیر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری پچھلی حکومت کا ہدف 24کروڑ درخت لگانے کا تھا، اس سال اس تعداد کو دگنا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ موسمیاتی خطرات کا شکار ملک ہے، موسمیاتی تبدیلی سے ملک پاکستان کی معیشت اور معاشرت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے 10ہزار جانیں گئی ہیں، شجر کاری کی اس مہم کو پورے پاکستان میں پھیلانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جانی چاہئیں، پاکستان میں جنگلات کا رقبہ صرف 5فیصد ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے، وزیراعظم شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ رہے۔