شہدا پاکستان کے ہیرو، پہلے کی طرح اب بھی دہشتگردی کو شکست دینگے: احسن اقبال

Published On 16 March,2024 04:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست دی تھی، اس بار پھر مل کر دہشت گردی کو شکست دیں گے، شہدا پاکستان کے ہیرو ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے وطن کی خاطر جام شہادت نوش کیا، دعاگو ہوں کہ اللہ شہدا کے اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2018ء کے انتخابات میں ہمارے بہت سے تحفظات تھے، ہم نے کبھی آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا، بیرونی فنڈنگ سے چلنے والی جماعت کا چہرہ بےنقاب ہو چکا ہے، 9 مئی کو ایک جماعت کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت اوروزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پردہشتگرد حملے کی مذمت

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا جس سے مہنگائی بڑھی، پی ٹی آئی والے امریکی سینیٹرز کے پاؤں پکڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جماعت پاکستان کو بیرون ملک رسوا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ملکی معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنا معاشی دہشت گردی ہے، 9 مئی کو بانی پاکستان کے گھر کو جلایا گیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کوئی قائداعظم کی نشانی کو بھی جلا سکتا ہے یہ ناقابل تصور تھا، 9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پاکستان کے دوست نہیں دشمن ہیں، بانی پی ٹی آئی اگر سمجھتے ہیں کیسز جھوٹے ہیں توعدالت میں ثابت کریں، پی ٹی آئی کی کتنی غلطیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے: بیرسٹر گوہر

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی، پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور میں پاکستان کی تاریخ کا 80 فیصد قرض لیا، پی ٹی آئی نے ملک میں مزید مہنگائی کرنے کیلئے سازش کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا کی سڑکوں پر پاک فوج کیخلاف مذموم مہم چلائی گئی، یہ لوگ امریکا میں بیٹھ کر پاکستان کی خودمختاری سے کھیل رہے ہیں، پی ٹی آئی والے پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔