لاہور:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جو پاکستان پر حملہ کرے گا اس کے ساتھ ویسا ہی سلوک ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام دوستوں کی محبت ہے جس کی وجہ سے منتخب ہورہے ہیں، پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، غیر قانونی مقیم جو بھی ہے اس کو یہاں سے جانا پڑے گا، آپ ویزہ لیں اور پھر واپس آئیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم ایف آئی اے کے نظام کی دوبارہ تعمیر نو کریں گے، ایف آئی اے میں محنتی لوگوں کو سامنے لائیں گے، آپ ایف آئی اے میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت کچھ چیلنجز درپیش ہیں،ملک میں دہشتگردی کی ایک لہر آئی ہوئی ہے، ہم انشاءاللہ دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے ، کسی پر غلط الزام لگانا غلط بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے، ابھی امریکہ میں کئی چیزوں کے بعد چارچ شیٹ لگاکر ٹک ٹاک بند ہوا ہے، آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جو سوشل میڈیا کو غلط اور منفی انداز میں استعمال کررہے ہیں ان کو دیکھنا پڑے گا۔