اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ صرف اڈیالہ کیلئے ملاقات پر پابندی نہیں لگائی، میانوالی ،ڈی جی خان کی جیلوں کا بھی سکیورٹی آڈٹ کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاتارڑ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلومبرگ میں وزیراعظم کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ ان کا عالمی مالیاتی اداروں سے ڈیل کرنے کا اچھا تجربہ ہے، کچھ عناصر اپنی سیاست کی خاطر ریاست کا نقصان کرتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی مقاصد کی خاطرنقصان پہنچانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے، پہلے بھی آئی ایم ایف ڈیل کو متاثر کرنے کا پروگرام پی ٹی آئی نے بنایا۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی یہ ملک ڈیفالٹ کرجائے، بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی یہاں سرمایہ کاری آنا بند ہوجائے،شہبازشریف نے ذاتی دلچسپی سے مذاکرات طے کیے اور ملک بچ گیا،پی ٹی آئی نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا ہمیں جیل سے ہدایت آئی ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھیں، ریاست پاکستان اور قومی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم روزانہ تین سے چار میٹنگز صرف معیشت کی بحالی کیلئے کرتے ہیں، ایک سیاسی جماعت کو خود سے آگے کچھ نظر نہیں آتا، ان کو معیشت کی بحالی کے ساتھ کوئی غرض نہیں ہے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ یورپی یونین سے رابطہ کرکے کہا جارہا ہے پاکستان سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس لے لیں، اسٹیٹس ہے تو روپیہ مستحکم ہوگا،یہ چاہتے ہیں پاکستان میں روپیہ مستحکم نہ ہو،ایکسپورٹس نہ ہوں،انڈسٹری بند ہو، یہ مطالبہ تحریک انصاف کی جانب سے کیوں کیا جارہا ہے؟۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صرف اڈیالہ جیل کیلئے ملاقات پر پابندی نہیں لگائی گئی، اڈیالہ ،میانوالی اور ڈیرہ غازی خان جیل کا سکیورٹی آڈٹ کیا جارہا ہے، اتنی سی بات پر یورپی یونین کو کہا گیا آپ جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے 9مئی کے سانحات کیے، قائداعظم کا گھر جلایا، آپ کہتے ہیں آئی ایم ایف پاکستان کو قرض نہ دے، ہم کہتے ہیں مل کر ملک کو آگے لیکر چلیں، آپ نے سائفر لہرایا اور کہا یہ تو سائفر نہیں تھا، آپ سیاسی مفاد کو آگے رکھتے ہیں ملکی مفاد کی پرواہ نہیں کرتے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ یہ سفید جھوٹ ہے کہ جیل میں سہولیات نہیں دی جارہیں، ایسی سہولیات کسی قیدی کو میسر نہیں جیسی بانی پی ٹی آئی کو میسر ہیں، آپ مزید سہولیات چاہتے ہیں تو عدالتوں سے رجوع کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تین جیلوں کا سکیورٹی آڈٹ کررہی ہے ، آپ کو صبر سے کام لینا چاہیے،آپ کو توشہ خانہ ،سائفر اور دیگر کیسز میں سزا ہوئی۔