کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے آخری روز 35 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق گزشتہ روز 19 جبکہ آج 16 امیدواروں کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی، 3 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے، بلوچستان سے سینیٹ کی خالی 11 نشتوں کے لئے مجموعی طور پر 38 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
امیدواروں میں راحیلہ درانی، عمر گورگیج، اعجاز سنجرانی، انوارالحق کاکڑ، مولاناعبدالواسع، احمد خان، کہدہ بابر اور مولانا عطا الرحمان شامل ہیں، ایمل ولی خان، جان محمد بلیدی، راحت جمالی، آغا شاہزیب درانی، امان اللہ کنرانی سمیت دیگر بھی سینیٹ الیکشن کے لئے میدان میں ہیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی جانب سے 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، ایپلٹ ٹریبونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت 26 مارچ کو ہوگی، 27 مارچ تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے۔
شیڈول کے تحت پولنگ 2 اپریل صبح 9 سے شام 4 بجے تک بلوچستان اسمبلی ہال میں ہو گی۔