برسلز:(دنیانیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے متبادل توانائی کے ذرائع وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
برسلز میں منعقدہ جوہری توانائی کے سربراہی اجلاس اور دورہ کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برسلز میں منعقدہ جوہری توانائی سمٹ ایک خوش آئند اقدام ہے، سمٹ میں جوہری توانائی بطور متبادل ذرائع پر گفتگو ہورہی ہے، سمٹ میں جوہری توانائی کے استعمال سے متعلق مختلف آئیڈیاز آئے ہیں جو خوش آئند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی طرف سے اس توانائی کے استعمال کی حمایت کی ہے ،پاکستان میں نیوکلیئر انرجی کے 3 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد کے منصوبے انسٹال ہوچکے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کی مدد سے چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پراجیکٹ لگانے جارہے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے متبادل توانائی کے ذرائع وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گزشتہ سالوں میں آنے والے سیلابوں سے بے پناہ نقصان ہوا، ہائیڈرو پاور کے بعد سب سے زیادہ اہمیت اس وقت جوہری توانائی کی ہے، جوہری توانائی اس وقت محفوظ اور معاشی لحاظ سے بہتر ہے، جوہری توانائی منصوبے اس وقت مہنگے ہیں تو ترقی یافتہ ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کو اس میں فنانسنگ کرنا چاہیے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مالیاتی اداروں کی مدد سے ترقی پذیر ممالک کو بھی اس توانائی سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملنا چاہیے، سمٹ کے دوران چین کے نائب وزیراعظم سمیت مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، کم وقت کے باوجود ہم نے پاکستان کا موقف بہت احسن انداز میں عالمی فورم کے سامنے پیش کیا۔