پاکستان، سعودیہ کا ملکر کام کرنے، دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

Published On 23 March,2024 07:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے مل کر کام کرنے، دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی شرکت کی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے سعودی وزیر دفاع کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے اور تاریخی تعلقات سے عبارت ہے، صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے مشکل وقت میں حمایت کرنے پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے شاہ سلمان کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے ویژن کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا: وزیراعظم

سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تاریخی، سٹریٹجک اور دفاعی تعاون ہے، تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے، سعودی عرب علاقائی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔