ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان

Published On 23 March,2024 09:26 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں موسم خشک، مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا، وسطی، جنوبی پنجاب، شمالی بلوچستان، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہا۔

ہفتہ کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوابشاہ میں درجہ حرارت 39 ، چھور، مٹھی، سکرنڈ 38 ، لسبیلہ اور حیدرآباد میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔