ملک کے مختلف حصوں میں بارش، پہاڑوں نے برف کی چادراوڑھ لی

Published On 22 March,2024 10:23 am

لاہور : (دنیانیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے ایک بار پھرسردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی ۔

جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی، صوبائی دارالحکومت لاہور، خوشاب ،حافظ آباد، جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباداورگردونواح میں بھی تیز بارش ہوئی ، وادی لیپا ، بالائی وادی نیلم میں بھی بادل برس پڑے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔

وادی نیلم میں کل سے پہاڑوں پر برفباری جبکہ رہائشی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش  جاری ہے ، بارش اور برفباری سے خنکی میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا، صبح سے وادی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ، محکمہ موسمیات کی جانب سے کل شام تک پہاڑوں برفباری جبکہ رہائشی علاقوں میں بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مری گلیات، راولپنڈی، چکوال ، گجرات اور سیالکوٹ میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ خیبرپختونخواکےبالائی علاقوں میں بھی بارش اوربرفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں بارشوں کی بھی پیشگوئی کی ہے ، ژوب ، شیرانی ، خاران ، گوادر، آواران، خضدار اور مستونگ میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے ۔