اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں بدنظمی ہوگئی، شیرافضل مروت کی ایک بار پھر پارٹی ارکان سے توتکرار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے کور کمیٹی میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیرافضل مروت کے ساتھ کوئی استاد رکھنا چاہئے جو اسے پڑھائے اور سمجھائے، اپنے ہی لوگوں پر شیر افضل مروت اٹیک کر رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے خلاف مہم چلائی جارہی ہے، کوئی باہر نہیں نکلتا، سب چھپے ہوئے ہیں، میں نے پی ٹی آئی کو لیڈ کیا ہے، میرے خلاف پی ٹی آئی کے اپنے ارکان باتیں کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ شیر افضل مروت مینڈیٹ سے ہٹ کر بات کرتے ہیں، دو ماہ میں پی ٹی آئی کا بیانیہ بنتا ہے شیرافضل مروت ختم کر دیتے ہیں۔
شیرافضل مروت کو روکنے کی کوشش میں نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ کی شیرافضل مروت سے تلخ کلامی ہوگئی، شیر افضل مروت نے کہا کہ باہر آؤ تمہیں میں بتاتا ہوں، نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ آجاؤ باہر مجھے شعیب شاہین مت سمجھنا۔
چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان، علی محمد خان، نعیم پنجوتھا و دیگر ارکان نے معاملہ رفع دفعہ کرایا۔