راولپنڈی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے عدلیہ کی آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائش کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان اور لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 45 منٹ میٹنگ ہوئی، اتوار کو پشاور میں 2 بجے ریلی نکالیں گے، ریلی کا ایک ہی مقصد عدلیہ کی آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، پشاور ریلی میں ایم این ایز، ایم پی ایز بھی شرکت کریں گے، جلد چیف جسٹس کو بانی پی ٹی آئی کی طرف سے لیٹر بھیجیں گے
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کے حوالے سے تفصیلی لیٹر چیف جسٹس کو لکھیں گے، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
لطیف کھوسہ
لطیف کھوسہ نے کہا کہ 6 ججزکا نہیں باقی تمام صوبوں میں بھی یہی کیفیت ہے، بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کو ٹارگٹ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی واقعات پر ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، نومئی سے 9 فروری تک ڈرامہ لندن پلان کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اوران کے بیٹوں کو جلدی بری کردیا گیا، ججز پر تشدد اور دباؤ پر پاکستان کی تمام بار ایسوسی ایشن نے سخت قسم کی قراردادیں پیش کیں، اگرنظام عدل کو منہدم کر دیا جائے تو پھر ریاست نہیں چل سکتی۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ چھ ججزکو دلیری کا مظاہرہ کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں، جج صاحبان بھی قوم کی طرف دیکھ رہے ہیں، وکلا چھ ججز کا محافظ بنیں گے، وکلا کی تحریک کو عنقریب شروع کر رہے ہیں، چھ ججز کے مراسلے نے بانی پی ٹی آئی کے مؤقف کو سچ ثابت کر دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کوعوام نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں دوٹوک فیصلہ سنایا، کمشنر راولپنڈی بھی سچ بتا چکے ہیں، لاہور کی ساری سیٹیں تحریک انصاف نے جیتی ہوئی ہیں، ہارنے والوں کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنا دیا گیا ہے، یہ ایسی تحریک اٹھے گی جو پشاورریلی سے شروع ہوگی۔