اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے ججز کے الزامات پر انکوائری کمیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی جس کے سربراہ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی ہوں گے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف امور زیر بحث آئے، بیشتر وزراء نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے ایجنسیوں کے دباؤ ڈالنے کے الزامات پر مبنی خط کی تحقیقات پر انکوائری کمیشن قائم کرنے کی منظوری دی گئی ، کابینہ نے کمیشن کے سربراہ کیلئے ناموں پر غور کیا اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کے نام کی منظوری دی۔
کابینہ اجلاس میں مالی سال 24-2023 کے وسط مدتی بجٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور مالی سال 22-2021 کی مشترکہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی فنانشل سٹیٹمنٹ پیش کی گئی، اجلاس میں پیپرا کی سالانہ رپورٹس کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ رومانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے پروگرام پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم کی مصروفیات کے باعث 2 بار کابینہ اجلاس مؤخر کیا گیا تھا۔