لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سپیل شروع ہو گیا، پشاور میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔
بارشی پانی کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی، متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں بھی بادل برس پڑے، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو کینال روڈ، مال روڈ پر ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
میانوالی شہر اور گردو نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی رم جھم نے موسم سہانا بنا دیا۔