اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، اپوزیشن ارکان کی جانب سے ووٹ چور، مینڈیٹ چور اور ججوں کو تحفظ دو کے نعرے لگائے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں شانگلہ میں ہلاک ہونے والے چینی انجینئرز کیلئے ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، سپیکر قومی اسمبلی نے چینی انجینئرز پر حملے کی مذمت کی۔
مصطفیٰ کمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سود کا نظام اسلام کے خلاف کھلی جنگ ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ پوائنٹ پر بات کریں، اسد قیصر نے کہا کہ میری التماس ہوگی یہ بہت حساس ایشوز ہیں، جج صاحبان کی عزت و توقیرنہیں رہی۔
اسد قیصر نے تجویز دی کہ جب ججز پر دباؤ ڈالا جائے تو قومی اسمبلی میں ڈیبیٹ ہونی چاہئے، دونوں اطراف سے اس معاملے پر بحث ہونی چاہئے، ایاز صادق نے اسد قیصر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے ہمیں انتظار کرنا چاہئے۔