اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش سکول تعمیر کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم سے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے گلگت بلتستان کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی اور کہا کہ کمیٹی گلگت بلتستان کو درپیش تمام مسائل پر مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش سکول تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں غریب و نادار گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکول قائم کر رہے ہیں جہاں بین الاقوامی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی، انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے سفارشات مرتب کر کے پیش کی جائیں، گلگت بلتستان میں عطاء آباد اور ہارپو پن بجلی منصوبے کی تکمیل پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔