اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، سپیکر نے چینی سفیر سے ملاقات کی۔
سپیکر سردارایاز صادق نے شانگلہ بشام کے مقام پر دہشتگردانہ حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ جاں بحق چینی انجینئرز کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں، چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے اور ہر مشکل وقت کا ساتھی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دہشتگردی کے اس واقعہ میں جاں بحق چینی انجینئرز کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان کو چین کی سدا بہار دوستی پر فخر ہے، چینی باشندوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی سازش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان، عوام اور سکیورٹی فورسز پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان کی پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں چینی انجینئرز کی ہلاکتوں پر افسردہ ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مشکل وقت میں چین کی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، چین پاکستان کا مخلص اور بااعتماد دوست ہے، چینی انجینئرز پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔