راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے باہمی خیر سگالی اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قازقستان اپنے جغرافیائی محل وقوع اور وسیع وسائل کی وجہ سے وسطی ایشیا کی ایک اہم ریاست ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ایک اہم کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔
اس موقع پر معزز مہمان نے تعاون کے موجودہ دائرہ کاراور پیمانے کوتسلیم کرتے ہوئے دفاع کے شعبے میں وسعت اور مزید تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔