اسلام آباد :(دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ کے طبی معائنے کیلئے حکومت نے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔
بورڈ میں امراض قلب، میڈیسن، معدہ، سینہ، جنرل سرجری کے ماہرین شامل ہیں ، طبی ماہرین میں ڈاکٹر ممتاز نیازی، ڈاکٹر تاشفین، ڈاکٹر اسرار، ڈاکٹر اختر بندیشہ، ڈاکٹر علی عارف کے نام شامل کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ کا ایکو کارڈیوگرام، دل اورخون کے ٹیسٹ کئے جائیں گے، میڈیکل بورڈ ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر پرویز الہیٰ کا علاج کرے گا، سابق وزیر اعلیٰ کو سینے میں درد کی شکایت ہے۔
یاد رہے پرویز الہیٰ طویل عرصہ سے شوگر، عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، اڈیالہ جیل میں گرنے سے پرویز الہیٰ کی تین پسلیاں فریکچر ہوئیں۔
واضح رہے پرویز الہیٰ کو پہلے سے جاری ادویات دی جا رہی ہیں، گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، سابق وزیر اعلیٰ پمز کارڈیک سینٹر کے پرائیویٹ روم میں زیرعلاج ہیں۔