پشاور: (دنیا نیوز) رہنما پیپلزپارٹی قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو عالمی سازش کے نتیجے میں قتل کیا گیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 45 سال پہلے شہید بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، ذوالفقارعلی بھٹو، بے نظیر بھٹو کو شہید کرنے والے سمجھتے تھے پیپلزپارٹی ختم ہوجائے گی۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہر دور میں پیپلزپارٹی کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا، آج ایک جماعت پر تھوڑی تکلیف آئی تو ملک میں ہنگامہ ہے، ضیاء الحق کے مارشل لاء میں ہماری ماؤں، بہنوں کو کوڑے مارے گئے، پیپلزپارٹی کو ہمیشہ ٹارگٹ کیا گیا۔
رہنما پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی سے ہر دور میں الیکشن چھینے گئے، ہم نے جبر برداشت کیا لیکن پرامن جدوجہد کی، یہاں بیٹھے عوام سے پوچھتا ہوں کہ بتائیں کہ پیپلزپارٹی کے دور میں مہنگائی تھی؟ پیپلزپارٹی نے تنخواہیں بڑھائیں۔