اسلام آباد :(دنیا نیوز )عیدالفطر قریب آتے ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا معاملہ، شکایت پر نجی بس سروس کا دفتر سیل کردیا گیا۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹیم کے ساتھ مختلف بس اڈوں کا دورہ کیا، دورے کے دوران اے ڈی سی جنرل عبداللہ محمود، اسسٹنٹ کمشنرز عزیر علی خان اور فروا بتول بھی ہمراہ تھے ۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے مختلف مسافروں سے کرایوں کے حوالے سے دریافت کیا، اضافی کرایوں کی شکایت پر ڈی سی کی جانب سے نجی بس سروس کا دفتر سیل کردیا گیا۔
عرفان نواز میمن کا اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ عیدالفطر پر کرایوں میں اضافے اور اوورلوڈنگ پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے، زائد کرایہ کی شکایات پر فی الفور ایکشن یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیمیں ہمہ وقت بس اڈوں پر موجود ہیں، شہری زائد کرایہ لینے کی شکایات کریں، فی الفور کارروائی کی جائے گی۔