سیکرٹری جنرل ورلڈ مسلم لیگ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے

Published On 08 April,2024 05:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اپنے 9 روزہ اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دین اور انسان دوستی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیت اور ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ 7 سے 16 اپریل تک پاکستان میں قیام کریں گے، دورے کا مقصد بین المذاہب مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ طویل عرصے سے اسلام کے بارے میں زیادہ جامع اور روا دار تفہیم کو فروغ دینے میں پیش پیش رہے ہیں، اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے اور مذہبی بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے ڈاکٹر العیسیٰ کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

2019ء میں ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے مسلم اور غیر مسلم علماء کے درمیان ایک اہم مکالمے کی قیادت کی جس کے نتیجے میں ”میثاق مکہ” پر دستخط ہوئے جو افہام و تفہیم اور باہمی احترام کو فروغ دینے کیلئے ان کی لگن کا ثبوت ہے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ فیصل مسجد میں عید الفطر کی نماز کی امامت کریں گے، وہ پاکستان میں سیرت النبیؐ میوزیم کا افتتاح کریں گے جس کا مقصد پیغمبر اکرمؐ کی زندگی اور تعلیمات کو واضح کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانا ہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے دورے کے پروگرام میں پاکستانی حکومت کی اہم شخصیات سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی شامل ہیں جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتی ہیں۔