اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان، سعودی عرب، خلیجی ممالک، یورپ، امریکا اور آسٹریلیا میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد آج عید منائی جا رہی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت میں کل عید ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کی، اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی اسلام آباد کے ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین شریک ہوئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کراچی، خیبر، کوہلو، لورالائی، جیونی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرائے عالمگیر اور ملک کے دیگر علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، مردان سے چاند دیکھنے کی 6 اور کراچی سے 4 شہادتیں ملیں جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے پر آج بروز بدھ کو پاکستان بھر میں عیدالفطر منانے کا اعلان کیا۔
لاہور میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اوکاڑہ سے احمد نامی شہری نے چاند دیکھنے کی شہادت دی، شیخوپورہ کے صہیب نے اہلخانہ کے ہمراہ چاند دیکھا، زونل کمیٹی کراچی کو چاند دیکھنے کی 10 شہادتیں ملیں، پشاور کمیٹی کو چاند نظر آنے کی 60 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو میں چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئی ہیں، اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ 10 اپریل 2024ء بروز بدھ کو عیدالفطر ہو گی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ زونل کمیٹیوں اور ذمہ داروں نے تمام شہادتوں کو دیکھا اور پھر اس کے بعد فیصلہ ہمیں پہنچایا جو میں نے آپ کے سامنے رکھا ہے، اللہ نے ایک عید پرعالم اسلام کو اکٹھا کر دیا ہے، آج کی رات بڑی مبارک رات ہے، پاکستان اللہ کی نعمت ہے، عوام، افواج سمیت سب نے ملکر آگے بڑھنا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد آج عید الفطر منائی جا رہی ہے، انگلینڈ سمیت یورپ، امریکا، آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان بھی پاکستان کے ساتھ عید الفطر منا رہے ہیں، مفتی ناصرالاسلام کہا کہ پاکستان میں چاند نظر آنے کے بعد 10 اپریل بروز بدھ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں عید منائی جائے گی۔
ادھر بھارت اور بنگلا دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، دونوں ممالک میں آج 30 واں روزہ ہو گا جبکہ عیدالفطر جمعرات کو منائی جائے گی، بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی نے عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات کو منانے کا اعلان کیا۔
بھارت کے شہر لکھنؤ، دہلی اور کیرالہ میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، مقامی کمیٹیوں نے چاند نظر نہ آنے پر کل یکم شوال ہونے کا اعلان کیا، متنازع علاقے کارگل کی مقامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ چاند نظر آگیا اور آج 10 اپریل بروز بدھ کو عید منائی جائے گی۔