راولپنڈی: (دنیا نیوز) عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیل میں دلائل دینے والے پراسیکیوٹر کا تبادلہ کردیا گیا۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کی خدمات نارکوٹکس کیسز کو منتقل کردی گئیں، راناحسن عباس کی جگہ پراسیکیوٹر عدنان علی کو سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں تعینات کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے رانا حسن عباس کو تبادلے کے حوالے سے خط میں لکھا کہ آپ نے بغیر اجازت میڈیا چینلز پر کیسز سے متعلق بیان جاری کئے، آپ کو عدالتوں میں پیش ہونے سے فوری طور پر روکا جاتا ہے، اپنے سوشل میڈیا سے تمام مواد حذف کریں۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کو ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان کی عدالت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے گزشتہ روز عدت میں نکاح کیس میں دائر اپیل پر دلائل دیئے تھے، پراسیکیوٹر راناحسن عباس نے سارہ انعام، نورمقدم قتل کیسز میں کامیاب پراسیکیوشن کی تھی۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے ویڈیو سکینڈل عثمان مرزا کیس میں بھی کامیاب پراسیکیوشن کی تھی، رانا حسن عباس بطور پراسیکیوٹر سیشن جج ایسٹ کے ساتھ اپریل 2022ء سے کام کر رہے تھے۔