اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے آزادانہ کمیشن بنایا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت تمام قیادت کے کیسز میں کچھ نہیں ہے، پراسیکیوشن اس کیس سے بھاگ رہی ہے، عدت نکاح کیس میں صبح سے دو دفعہ وقفہ کیا گیا ہے لیکن کیس میں کچھ ہے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید سے ایک دن پہلے پراسیکیوٹر نے اچھی سٹیٹمنٹ دی تو ان کو تبدیل کر دیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بطور اپوزیشن لیڈر بار ہا کہہ چکا ہوں نو مئی کی تحقیقات کیلئے آزادانہ کمیشن بنایا جائے، سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کیس ریت کے ڈھیلے کی طرح بہہ گیا ہے، حکومت کو مان لینا چاہیے کہ ان کا نشانہ صرف بانی پی ٹی آئی تھے۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز نے جو خط لکھا ہے وہ ہمارے سسٹم پر چارج شیٹ ہے، ہماری تحریک تحفظ آئین پاکستان جو بنی ہے اس کا مقصد آئین اور قانون کا تحفظ ہے۔