لاہور: (دنیا نیوز) حکومتی ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سوچ سمجھ کر شیر افضل مروت سے بیان دلوایا، پی ٹی آئی کی سعودی عرب مخالف بیان سے لاتعلقی مضحکہ خیز ہے۔
ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی، شیر افضل مروت نے ایسے وقت میں الزام عائد کیا جب سعودی وفد پاکستان کے دورے پر تھا۔
عقیل ملک نے کہا کہ شیر افضل مروت کا بیان سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ ڈالنے کی سازش ہے، بدقسمتی سے پی ٹی آئی شیر افضل مروت جیسے لوگوں سے بھری پڑی ہے، ان کے پاس میڈیا پر شیر افضل جیسے غیر ذمہ دار اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل شدت پسند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخ اس بات کا ثبوت ہے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کیا، حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی بحالی کی کوشش کی تو پی ٹی آئی نے اس کو رکوانے کی سازشیں کی، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، آئی ایم ایف دفتر کے باہر مظاہرے کئے۔
حکومتی ترجمان نے کہا کہ سائفر سازش، چینی صدر کی آمد پر دھرنا، سی پیک مخالف بیان بازی پی ٹی آئی کی تاریخ رہی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنا اور بعد ازاں یو ٹرن لینا پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، جو جماعت شہداء کی یادگاروں کو جلا سکتی ہے وہ ملکی مفاد کے خلاف کچھ بھی کر سکتی ہے۔