پشاور: (دنیا نیوز) جامعات کو درپیش مالی اور انتطامی مسائل پر گورنر خیبرپختونخوا نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو خط لکھ دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے خط میں لکھا کہ جامعات کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، گورنر سیکرٹریٹ نے جامعات کے تعلیمی معیار اور دوسرے مسائل پر رپورٹ مرتب کی ہے، خیبرپختونخوا کی جامعات کو درپیش مشکلات فوری حل طلب ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ جامعات کے بجٹ کی تقسیم ہو یا کوئی اور مسئلہ آنے والے سینیٹ اجلاس میں نشاندہی اور حل کرنے کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا پبلک سیکٹر جامعات ایکٹ 2012 میں موجود خامیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
گورنر نے خط میں کہا ہے کہ اسمبلی سے جامعات ایکٹ میں ترمیم کی اشد ضرورت ہے، مستقل وائس چانسلرز کی عدم موجودگی کے باعث معیاری تعلیم زوال کا شکار ہے، اُمید ہے وزیر اعلیٰ ان مسائل کو سنجیدہ لیں گے۔