اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیض آباد دھرنا کمیشن تحقیقات کے سلسلہ میں اس وقت کے آئی بی چیف آفتاب سلطان کا بیان بھی سامنے آ گیا۔
سابق آئی بی چیف کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنا ریکارڈ چیک کیا ریاست کے کسی ادارے کو حکومت سے ہٹانے کی سازش کا ثبوت موجود نہیں، حکومت کو مشورہ دیا گیا تھا کہ ٹی ایل پی سے بات چیت کی جائے، بات چیت کا مقصد یہ تھا کہ ٹی ایل پی مارچ کو ملتوی کرے۔
آفتاب سلطان نے کہا کہ سال 2017ء نومبر کا پولیس آپریشن ناکام ہونے کی وجہ واضح احکامات کا نہ ہونا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات تھے کہ مظاہرین پر آتشی اسلحہ استعمال نہ کیا جائے۔
سابق آئی بی چیف نے کہا کہ آپریشن کے ابتدا میں پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے میں کامیاب رہی، بعد میں راولپنڈی سے مزید مظاہرین آئے اور پولیس پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوئی۔