اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس محمد خان نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اعظم سواتی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے اعظم سواتی کی 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
وکیل علی بخاری نے کہا کہ اس کیس میں اعظم سواتی گرفتار ہوئے اور اگلے ہی روز ضمانت ہوگئی، عدم پیشی پر ان کی ضمانت خارج کر کے اشتہاری قرار دیا گیا، اس کیس میں پولیس افسر کو مدعی بنایا گیا ہے جو غیر قانونی ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی۔
واضح رہے کہ اعظم سواتی پر 2014ء میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔