اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کے چند گھنٹوں کے اندر فارم 47 جاری کرنے پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد فارم 47 خلاف قانون کئی روز تک جاری نہیں ہوئے، ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 کا جاری ہونا انتہائی حیرت انگیز ہے، یہ جعلی فارم دھونس اور دھاندلی کے ذریعے پہلے ہی تیار کئے جا چکے تھے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے نے الیکشن کمیشن کے متعصبانہ کردار پر مہر تصدیق ثبت کردی، فارم 45 پر جبری دستخط کروائے جانے کے ٹھوس شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، جعلی وزیراعلیٰ پنجاب کے ایما پر ایک بار پھر عوام کے حق رائے دہی کو غصب کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مجرمانہ سہولت کاری پر الیکشن کمیشن سمیت تمام ذمہ داران کا محاسبہ کیا جائے، اس لاقانونیت کے خلاف اپنی آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے۔