لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو ن لیگ کا آفس جلانے کے 2 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو ن لیگ کا دفتر جلانے کے 2 مقدمات کی سماعت کی، پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ صنم جاوید کو سرگودھا جیل سے حاضری کیلئے عدالت لایا گیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے دونوں مقدمات کے ٹرائل کی کارروائی 8 مئی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ مقدمے میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور صنم جاوید سمیت دیگر نامزد ہیں، عدالت نے ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر رکھی ہیں۔
ملزمان کیخلاف ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کا آفس کے جلانے کے دو مقدمات ہیں، مقدمات میں ملزمان پر بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کا بھی الزام ہے۔