لاہور : (دنیانیوز) لاہور سمیت صوبہ بھر کے صفائی انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو صوبہ بھر کے صفائی انتظامات کی سورس رپورٹ پیش کر دی گئی جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، سورس رپورٹ نے صوبہ بھر میں روزانہ 57 ہزار میٹرک ٹن کوڑا موجود ہونے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
سورس رپورٹ کے مطابق لاہور میں 6 ہزار میٹرک ٹن کوڑا روزانہ ڈمپ کیا جا رہا ہے، صرف 12 ہزار میٹرک ٹن کوڑا پورے پنجاب کے ضلعوں میں ڈمپ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈویژنل سطح پر صفائی نظام کو آؤٹ سورس کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ صفائی کے لئے ایکسپو، روڈ شو اور عوامی مہم چلائی جائے، صرف لاہور نہیں پورا پنجاب صاف چاہئے۔
محکمہ بلدیات پنجاب نے صفائی انتظامات سے متعلق چار ماہ کا وقت مانگ لیا، سیکریٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں کا کہنا ہے یکم جولائی تک پورے صوبے میں صفائی نظام آؤٹ سورس کر دیا جائے گا۔