اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی کے 28 ویں یوم تاسیس اور گرفتار رہنماؤں و کارکنان کی رہائی کیلئے ریلی نکالنے کے مقدمے میں گوہر خان، عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس محمد خان نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ، انصر کیانی، مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر دلائل دیتے ہوئے وکیل نے بتایا کہ انتظامیہ نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، سیاسی بنیاد پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے، جب بھی پرامن احتجاج کرتے ہیں نیا مقدمہ درج ہوتا ہے۔
وکلا نے استدعا کی کہ رہنماؤں کی ضمانت منظور کی جائے اور پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے 5،5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور کر لی اور فریقین کو جواب جمع کرانے کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی۔