ریاض: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزراء توانائی، اقتصادیات، منصوبہ بندی، ماحولیات، پانی و زراعت نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود نے بھی ملاقات کی، آرامکو کے سی ای او اور صدر، اے سی ڈبلیو اے پاور کے چیئرمین بھی موجود تھے، وزیراعظم سے سعودی وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی انجینئر فیصل الابراہیم نے بھی ملاقات کی، سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی بھی ملے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا، قرض موت کا پھندا بن گئے: وزیراعظم
وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے عمل کو سہل بنانے کیلئے اقدامات پر روشنی ڈالی، توانائی کے شعبے میں تعاون پر زور دیا، سعودی وزیر توانائی نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا، سعودی وزیر نے توانائی کے منصوبوں کی ترقی میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں فریق اقتصادی تعاون کے ایجنڈے کو نئے جوش اور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں اپنا کام مکمل کر لیں گی، بہت سے باہمی فائدہ مند منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں : وزیراعظم
وزیراعظم نے سعودی ویژن اور اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحات کی تعریف کی، وزیر اعظم نے اقتصادی شراکت داری کیلئے سعودی عرب کی گہری دلچسپی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیلئے بریڈ باسکٹ ثابت ہو سکتا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ سعودی عرب نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کیلئے غذائی تحفظ یقینی بنانے میں کردار ادا کرسکتا ہے، سعودی وزیر ماحولیات نے کہا کہ سعودی زرعی کمپنیاں پاکستان کے زرعی شعبے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں، امید ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آپ کا مشن ہمارا مشن، ترقی میں ساتھ دینگے: سعودی وزراء کی وزیراعظم کو یقین دہانی
سعودی وزیر نے مزید کہا کہ زراعت کے شعبے میں پاکستان کے سٹریٹجک اور مسابقتی فوائد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سعودی وزیر اقتصادیات نے اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے وزیراعظم کی ذاتی توجہ کو سراہا۔
وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی۔