لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نوٹس غیر قانونی قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے آزاد امیدوار رانا محمد فراز کی درخواست منظوری کا 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نوٹس دائرہ اختیار کے بغیر جاری کیا، ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار نے ایک لاکھ 34 ہزار 937 ووٹ حاصل کیے، ان کے مدمقابل امیدوار عبدالرحمان ایک لاکھ 28 ہزار 438 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
فیصلے میں لکھا گیا کہ انتخابی نتائج پارٹیوں کی موجودگی میں تیار کیے گئے، اتھارٹیز کی جانب سے فارم 47 اور فارم 49 جاری کردیا گیا، الیکشن کمیشن مخالف امیدوار کی درخواست پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نوٹس جاری کرتا ہے، الیکشن کمیشن نوٹس میں حکم دیتا ہے کہ 26 فروری کو 10 بجے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن نے مجھے نوٹس کیے بغیر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا غیر قانونی نوٹس جاری کیا، تمام پراسیس مکمل ہونے کے بعد الیکشن ایکٹ کے مطابق دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے حکم سے متعلق الیکشن کمیشن کے پاس کوئی اختیار نہیں۔
لاہورہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نوٹس جاری نہیں کر سکتا۔