لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کرانے کا نوٹس کالعدم قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کے خلاف فرخ جاوید مون کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ علی جعفری عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ناکام امیدوار عمر سہیل ضیاء بٹ نے الیکشن کمیشن کو حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی، الیکشن کمیشن نے ناکام امیدوار کی درخواست پر دوبارہ گنتی کا نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ انتحابی نتائج میں آزاد امیدوار 18 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہوچکے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 48،47 اور 49 جاری کئے جاچکے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ قانون کے مطابق انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کے احکامات جاری نہیں کر سکتا لہٰذا عدالت ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹس کو غیر قانونی قرار دے۔
بعد ازاں عدالت عالیہ نے پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کرانے کے خلاف آزاد امیدوار فرخ جاوید مون کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دوبارہ گنتی کے نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا۔